حکومت کا لاک ڈاؤن اگلے دو ہفتے بڑھانے کا فیصلہ

حکومت کا لاک ڈاؤن اگلے دو ہفتے بڑھانے کا فیصلہ
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس پھیلنے کے خطرات کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن اگلے دو ہفتے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم عمران خان کا قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد پاکستان سمیت پوری دنیا میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ ہم نے انتہائی مشکل حالات میں لاک ڈاؤن پر عمل کیا۔ غریب طبقے کو اس سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

وزیراعظم نے کہا  کہ خوشی ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان میں کورونا وائرس اتنی تیزی کیساتھ نہیں پھیل سکا، تاہم اس کے باجود احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، اس وبا کے پھیلنے کا خطرہ ابھی تک موجود ہے۔ ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا کیونکہ یہ وائرس کسی وقت بھی پھیل سکتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ شکر ہے کورونا وائرس سے پاکستان میں اموات توقع سے کم رہیں۔ ہسپتالوں میں تمام سہولیات موجود ہیں لیکن خدانخواستہ وائرس اگر تیزی سے پھیل گیا توموجودہ ہیلتھ سسٹم مقابلہ نہیں کر سکے گا۔ ہم نے پہلے سے زیادہ احتیاط کرنی ہے۔

 

عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہو رہی، اب تک 28 لاکھ خاندانوں کو پیسہ مل چکا ہے۔ اس کے علاوہ کونسی انڈسٹریاں کھولنی ہیں؟ اس پر 98 فیصد اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ لوگوں کو سب سے زیادہ روزگار تعمیراتی شعبے سے ملتا ہے۔ شہروں کے اندر کنسٹریکشن سمیت کئی انڈسٹریوں کو آج سے کھول دیں گے۔ تعمیراتی صنعتوں کیلئے 15 اپریل سے آرڈیننس لا رہے ہیں۔

 

ایک انتہائی اہم مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم کہا کہ بیرون ملک میں پاکستانیوں کولانے کے حوالے سے صوبوں کو کچھ تحفظات ہیں۔ کورونا وائرس پاکستان میں باہر سے آنے والے لوگوں کی وجہ سے پھیلا۔

 

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ گندم، ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھی 15 اپریل سے سخت آرڈیننس لا رہے ہیں۔

 

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دورانیہ میں 30 اپریل تک توسیع کر دی گئی تھی۔