تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا، برطانیہ اور فرانس نے شام پر حملہ کر کے بہت بڑا جرم کیا ہے۔
اپنے ایک پیغام میں ایران کے سپریم لیڈر نے شام پر حملہ کرنے والے ممالک پر تنقید کرتے ہوئے ان کو مجرم قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو نہ ہی عراق اور افغانستان سے کچھ ملا تھا نہ ہی شام سے ملے گا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے انکشاف کیا کہ یہی وہ ملک ہیں جو خفیہ طور پر داعش کی مدد کرتے تھے لیکن آج وہ ان کے خلاف لڑنے اور شکست دینے کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ یہ سب امریکا اور اس کے اتحادیوں کا ڈرامہ ہے اور حقیقت میں اس تنظیم کو شکست دینے میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اس جنگ میں شامل ہوا جب بھی دہشت گردوں کو مشکلات ہوئی اور وہ شکست کے قریب پہنچنے لگے تو امریکا نے داعش کی مدد کی۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ امریکا نے داعش کے نام سے ’شاطانی مخلوق‘ کو بنایا اور اس میں وہ رقم استعمال کی جو آل سعود حکومت اور ان جیسے لوگوں کی جانب سے فراہم کی گئی تھی۔
تاہم انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے ایجنٹوں کے خلاف مزاحمت نے شامی اور عراقی قوم کو محفوظ کیا تھا۔