مودی نے ننھی آصفہ کے قتل کو زیادتی کی بدترین مثال قرار دیدیا

مودی نے ننھی آصفہ کے قتل کو زیادتی کی بدترین مثال قرار دیدیا

نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر میں ننھی آصفہ کے بہیمانہ قتل اور زیادتی پر پورے بھارت میں شدید احتجاج کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی خاموشی توڑ دی۔

نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا میں قوم کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کوئی مجرم بچ نہیں پائے گا اور ہماری بیٹیوں کو انصاف ملے گا کیونکہ یہ ہمارے معاشرے کی ناکامی ہے اور مہذب ہونے کے دعویدار کسی بھی معاشرے کو یہ زیب نہیں دیتا۔ ہمیں اس پر شرمندگی ہے اور ہمیں بحیثیت ایک معاشرہ اس معاملے سے نمٹنا چاہیے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: شام پر حملہ، امریکا کو ردعمل کا سامنا کرنا پڑیگا، روس

واضح رہے کہ رواں برس 17 جنوری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے کٹھوا میں ایک 8 سالہ بچی آصفہ کو اجتماعی زیادتی کے بعد بہیمانہ انداز میں قتل کر دیا گیا تھا۔ گذشتہ دنوں بھارتی عدالت میں پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ بکروال کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی مذکورہ بچی کو  زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔

یہ مسلم کمیونٹی کو علاقے سے نکالنے کی ایک سازش اور سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔ مذکورہ گرفتار افراد کی حمایت میں بی جے پی کے دو ارکان وزیر مملکت برائے جنگلات لال سنگھ اور وزیر کامرس اینڈ انڈسٹریز چندرپرکاش نے ایک ریلی بھی نکالی لیکن بعدازاں انہیں استعفیٰ دینا پڑ گیا۔

مزید پڑھیں: میں ضیاء الحق کی آمریت میں شامل نہیں رہا، سعد رفیق

اس واقعے پر بالی ووڈ نے بھی بھر پور احتجاج کیا اور اپنے دکھ کا اظہار کیا جبکہ یہ واقعہ دنیا بھر کے اخبارات کی شہ سرخیوں کا حصہ بھی بنا رہا۔

 

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں