پشاور: پشاورپولیس نے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران سٹی ،کینٹ اور رورل سرکل کے مختلف تھانہ جات کی حدود میں سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان، جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمدکرلی۔
14 اپریل کو کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے امن و امان بر قرار رکھنے کیلئے ایس ایس پی آپریشنز سجا د خان کی نگرانی میں کینٹ، اندرون شہر اور رورل سرکل کے مختلف تھانہ جات پہاڑی پورہ، مچنی گیٹ، تھانہ چمکنی، تھانہ خان رازق شہید کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کرتے ہوئے سنگین مقدمات میں مطلوب تین اشتہاری مجرمان سمیت 73 جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔
ان کے قبضے سے 4 عدد پستول ،ایک شارٹ گن ،ایک عدد بندوق ، سینکڑوں عدد کارتوس اور 1 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزمان کے خلا ف مختلف مقدمات درج کر دئیے ۔ آپریشن کے دوران 300 گھروں کو چیک کیا گیا جس میں 33 غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ۔