اسلام آباد: امریکی ماہرین نے کینسر کی تشخیص کرنیوالی چیونگم ایجاد کرلی۔الاباما کی بایوٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ کمپنی نے ایسے مادوں سے خصوصی چیونگم تیار کی ہے جس کی مدد سے فی الحال لبلبے، پھیپھڑے اور چھاتی کے کنسر کی تشخیص کی جاسکے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ”تشخیصی چیونگم“ کو پندرہ منٹ تک چبانے کے بعد منہ سے واپس نکالا جاتا ہے اور تجربہ گاہ میں پہنچادیا جاتا ہے جہاں اس کی کیمیائی جانچ پڑتال کرکے اس میں ایسے مادّوں کی موجودگی یا عدم موجودگی کا پتا چلایا جاتا ہے جو سرطان (کینسر) کی وجہ بن سکتے ہوں۔ کمپنی کی خاتون سربراہ کا کہنا ہے کہ ابھی اس تشخیصی چیونگم پر مزید کام ہونا باقی ہے اور اگر آئندہ چند برسوں میں اسے ایف ڈی اے کی جانب سے منظوری مل گئی تو وہ دن دور نہیں کہ سرطان کی تشخیص کرنے کے لیے تکلیف دہ بائی اوپسی کے علاوہ خون اور پیشاب وغیرہ کے قیمتی ٹیسٹ کروانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔