اب نعروں پر نہیں، کارکردگی پر ووٹ ملے گا، وزیراعظم

05:40 PM, 14 Apr, 2017

جیکب آباد: وزیراعظم نواز شریف نے جیکب آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا سندھ حکومت نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ کوئی ترقیاتی منصوبے اندرون سندھ میں نظر نہیں آتے اور حکومت پینے کے صاف پانی کی سہولت بھی نہیں دی سکی۔ جیکب آباد میں پورے سندھ سے زیادہ ہیپاٹائٹس کے مریض ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا آپ کو یقین دلاتا ہوں حالات بدلیں گے اور نعروں سے صرف ووٹ نہیں ملے گا کچھ کرنے سے ہی ووٹ ملے گا۔ جب بھی ہماری حکومت آئی ہے ہم نے امن کو بحال کرنے کی کوشش کی ہے۔ اب کراچی میں امن ہے اور روشنیوں کے شہر میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا آج کراچی میں کچرا ہی کچرا نظر آتا ہے سندھ حکومت کوئی خاص کام کرنے میں ناکام رہی ہے۔جیکب آباد کی پسماندگی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ 

انہوں نے جیکب آباد کیلئے 100 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ملک میں سب سے زیادہ حق دار جیکب آباد کے عوام ہیں۔ امید ہے یہ رقم اچھے طریقے سے لوگوں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو گی۔ ہم اپنا فرض نبھائیں گے اور کام کر کے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا ملک کو جلد لوڈشیڈنگ کی لعنت سے نجات مل جائے گی۔ملک بھر میں بجلی کے کارخانوں پر کام چل رہا ہے جبکہ سندھ میں سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا۔ سی پیک کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور بیروزگاری بھی کم ہو رہی ہے۔ 

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پاکستان پیپلز پارٹی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ کہتے ہیں جیکب آباد والوں نے پیغام دیا وہ زرداری سے نجات چاہتے ہیں۔ 2018 کے انتخابات میں سندھ زرداریوں کے چنگل سے آزاد ہو گا۔ سندھ کا حکمران خاندان سیلاب کے دوران کہاں تھا؟۔ سب سے پہلے نواز شریف سیلاب زدگان کے پاس پہنچے۔

ان کا مزید کہنا تھا جب بھی نواز شریف آتے ہیں ترقی اور امن کا پیغام لاتے ہیں۔ نواز شریف نے آپریشن کر کے سندھ میں امن قائم کیا۔ بہت مہلت دی شاید یہ سدھر جائیں لیکن یہ سدھر نہیں سکے۔ پیپلز پارٹی والے لوٹ مار کرنے آتے ہیں۔ سندھ میں اب پیپلز پارٹی کا بوریا بستر گول کریں گے۔ سائیں، جاگیرداروں اور وڈیروں کی سیاست نہیں چلنے دیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں