اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری کے لاپتہ ساتھیوں کی عدم بازیابی پر پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی سے واک آﺅٹ کردیا۔ نوید قمر کا کہنا ہے کہ حکومت یہ ہی بتا دے کہ وہ بے بس ہے. تاہم کورم ٹوٹنے پر اسپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا۔
نوید قمر نے دھواں دھار تقریرکرتے ہوئے حکومت کو کھری کھری سنادیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح جمہوریت چلتی ہے نہ حکومت اور نہ ہی پارلیمنٹ،پانچ روز سے جوا ب مانگ رہے ہیں لیکن حکومت ہے کہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔انکا کہنا تھا کہ کم ازکم اتنا تو بتا دے کہ وہ بے بس اور لاچار ہے۔انہوں نے دھمکی دی کہ جب تک انہیں جواب نہیں ملے گا پیپلزپارٹی بائیکاٹ کرتی رہے گی۔
نوید قمر خوب گرجے اور برسے لیکن ڈپٹی اسپیکر نے سنی ان سنی کر دی۔ پیپلزپارٹی کے اراکین کے واک آؤٹ کرتے ہی رمیش لال نے کورم کی نشاندہی کر دی
کورم ٹوٹنے پر اجلاس پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
واضح رہے ایک ہی ہفتے میں آصف علی زرداری کے تین قریبی ساتھی نواب لغاری، اشفاق لغاری اور غلام قادر مری لاپتہ ہو گئے تھے۔