اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علیا مین گنڈاپور سے افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکی نے ملاقات کی جس میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سنجیدہ کوششیں ہونی چاہییں ،علاقائی امن پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے۔
وزیراعلٰی نے کہا کہ وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ جرگہ تشکیل دے کر پڑوسی ملک کے ساتھ بات چیت کرے، پاک افغان سرحد پر تجارتی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے، کے پی حکومت صوبے میں قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں باہمی تجارت، علاقائی امن و استحکام اور افغان شہریوں کے مسائل سمیت دیگر امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نےکہا تھا کہ اعلان کرتا ہوں کہ خود افغانستان سے بات کروں گا اپنی پالیسیاں اپنے گھر میں رکھو، میں بحثیت صوبہ افغانستان سے بات کروں گا، وفد بھیجوں گا، افغانستان کے ساتھ بیٹھ کر بات کروں گا اور مسئلہ حل کروں گا۔