حکومت اس وقت ہمارے ساتھ ذاتی دشمنی پر اتر آ ئی ہے، عمر ایوب

10:20 AM, 13 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور :  پاکستان تحریک انصاف کے  رہنما عمر ایوب کاکہنا ہے کہ حکومت اس وقت ہمارے ساتھ ذاتی دشمنی پر اتر آ ئی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تمام کیسز بوگّس ہیں، انکو کل یا پرسوں رہا ہو جانا چاہیے تھا۔انہیں جتنی دیر جیل میں رکھیں گے انکی جان کو خطرہ ہے ، ہمارے ممبران کو پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر سے گرفتار کیا گیا ، سانحہ پارلیمنٹ پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں اسی شہر میں پڑھتا رہا ،  ہمیں تو9مئی سے پہلے جناح ہاؤس کا پتہ ہی  نہیں تھا ہم تو صرف کورکمانڈر ہاؤس کو جانتے ہیں۔ 8 فروری کو عوام نے انکے چیپٹرز بند کر دیے ۔

قبل ازیں انسداددہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی عسکری ٹاور جلاؤگھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی ، انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔ 

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان حاضری کیلئے عدالت میں پیش ہوئے، سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی بیماری کے باعث حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی ،عدالت نے اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، عمر ایوب ، اعظم سواتی اور مسرت جمشید چیمہ سمیت چھ ملزمان عدالت  پیش ہوئے ۔

 عسکری ٹاور حملہ کیس میں  عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 8 اکتوبر تک توسیع کر دی ۔ 

مزیدخبریں