حماس امریکی پیشکش پر فوری جنگ بندی کیلئے راضی

10:08 AM, 13 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

غزہ : فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں  نئی شرائط کے بغیر فوری جنگ بندی کیلئے رضامند ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے تجویز کیے گئے پچھلے پرپوزل کے تحت کسی بھی نئی شرائط کے بغیر غزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے تیار ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حماس کی جانب سے مذاکراتی ٹیم کے سربراہ خلیل الحیا نے دوحا میں قطر کے وزیراعظم سمیت دیگر ثالثوں سے ملاقات میں غزہ میں جنگ بندی معاہدے سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور جنگ بندی کیلئے اپنی رضامندی سے متعلق آگاہ کیا ۔

حماس رہنما اسامہ حمدان نے کہا کہ امریکا کو چاہئے کہ وہ اسرائیل پر اپنے مطالبات کو واپس لینے کیلئے دباؤڈالے۔

مزیدخبریں