غزہ : اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کا کہنا ہے کہ وسطی غزہ میں اقوام متحدہ ( یواین او) کے ماتحت ایک اسکول پر اسرائیلی حملے میں ایجنسی کے 6 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایک ہی حملے میں 6 اہلکاروں کی شہادت غزہ میں اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک کسی بھی حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں سب سے زیادہ ہے۔
اس سے قبل غزہ کے سول ڈیفنس ایجنسی کے ماتحت النصیرات کیمپ میں اسپتال کا کہنا تھا کہ یو این کے الجونی اسکول پر اسرائیلی حملے میں 14 افراد شہید ہوگئے ہیں، اسکول میں ہزاروں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی ہے۔
انروا نے مزید کہا کہ یہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران پانچویں مرتبہ ہے جب اسرائیلی افواج کی جانب سے بے گھر فلسطینیوں کیلئے پناہ گاہ بنے اقوام متحدہ کے اسکول پر حملہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے بیان جاری کرتے ہوئے غزہ میں سویلینز اور اقوام متحدہ کی فیسلٹیز پر اسرائیل کے ہوائی حملوں کی مذمت کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ اقوام متحدہ کے اسکول میں حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم حماس نے اسرائیلی دعواؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ حماس اقوام متحدہ کے اسکول کو کسی بھی مقصد کیلئے استعمال نہیں کرتی۔