قصور میں مبینہ پولیس مقابلہ، سنگین مقدمات میں مطلوب 3 ڈاکو مارے گئے

09:58 AM, 13 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

کوٹ رادھا کشن: پنجاب کے ضلع قصور  کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں مبینہ  پولیس مقابلے کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب انتہائی خطرناک 3 ڈاکو مارے گئے۔

سنیما موڑ کے قریب پولیس مقابلے میں موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونےو الے تین  ڈاکو ہلاک جو کہ قتل ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ 

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت عباس سکنہ بصیرپور، سمیر سکنہ رائیونڈ اور مراتب سکنہ بہاولپور کے ناموں سے ہوئی ہے۔ہلاک ڈاکوؤں نے گزشتہ 7 روز میں کوٹ رادھاکشن اور صدر پھول نگر کے علاقوں میں دوران واردات 02 معصوم شہریوں کو بھی قتل کیا تھا۔

پولیس کے مطابق 15 پر سلامت نامی شہری نے پولیس کو اطلاع دی کہ تین ڈاکو سنیما موڑ کے قریب سے موٹرسائیکل ہنڈا 125 چھین کر فرار ہو گئے ہیں جس پر تھانہ کوٹ رادھاکشن پولیس نے فوری  ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ناکہ بندی کی تو دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کردی۔

پولیس پارٹی نے حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ مسلسل جاری رہا، تھوڑی دیر بعد فائرنگ کا تبادلہ رکا تو تینوں ڈاکو شدید زخمی حالت میں  پڑے تھے ، جبکہ ملزمان کے قبضہ سے دو موٹرسائیکل اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق تینوں ڈاکو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے ۔

مزیدخبریں