ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، 2 دہشتگرد ہلاک ،2 فرار

09:52 AM, 13 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

ڈیرہ غازی خان:  پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا  تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔

 ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ڈی جی خان کے علاقے کوئٹہ روڈ پر کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں  2 دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

 ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔ اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر حملہ کر دیا اور  فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے دستی بم، 2 رائفلیں، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

سی ٹی ڈی ٹیموں نے کوئٹہ روڈ اور ملحقہ شاہراہوں پر ناکہ بندی کر لی جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ دہشت گرد حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔

مزیدخبریں