عمران خان نے کہا جیل میں خود کو محفوظ سمجھتا ہوں، بشریٰ بی بی سے تنہائی میں ملاقات کا وقت بڑھانے کی استدعا کی: خصوصی عدالت کی آج کی سماعت کا تحریری حکم نامہ 

04:12 PM, 13 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

اٹک : آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے جیل میں ہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔  عمران خان کے خلاف سائفر گمشدگی کیس کی سماعت خصوصی عدالت کےجج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔

جج ابو الحسنات نے تحریری حکم نامے میں لکھا ہے کہ دوران سماعت عدالت کی جانب سے جیل حکام کے کنڈکٹ کے حوالے سے پوچھنے پر عمران خان نے جیل حکام کے کنڈکٹ کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا جیل میں خود کو محفوظ محسوس کرتا ہوں ۔

عمران خان نے جیل سہولیات کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی ۔ایک استدعا کی کہ جیل میں تنہائی میں بشری بی بی سے ملاقات کا وقت بڑھایا جائے۔ عدالت نے جیل سپریڈنٹ کو ہدایت کی وہ جیل مینوئل کے مطابق عمران خان کو مزید سہولیات دے سکتے ہیں تو دیں ۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف چالان جمع کروانے کے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے عدالت نے ایف آئی اے کو 26 ستمبر تک چالان جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ 

مزیدخبریں