جیسے ہی اپیل سماعت کیلئے مقرر ہوئی وطن واپس آجاؤں گا: اسحاق ڈار،مہنگائی کم کرنے کا نسخہ بھی بتا دیا

11:17 PM, 13 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

لندن : سابق وزیر وخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ مل چکا ہے جیسے ہی حفاظتی ضمانت کی اپیل سماعت کیلئے مقرر ہوگی پاکستان واپس آجاؤں گا ۔ مہنگائی کم کرنے کا نسخہ بتاتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا جب تک ڈالر کی قیمت کم نہیں ہوتی مہنگائی کم نہیں ہوگی۔ 

نیو نیوزکے پروگرام "بولو طلعت حسین کے ساتھ" میں گفتگو کرتے  سابق   وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق اور وقت پر ہوگی.  نئے آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے اتحادی جماعتوں سے  مشاورت کی جائے گی ۔  آرمی چیف کی تعیناتی کاحتمی  اختیار وزیر اعظم کے پاس ہے۔  ملک کو درپیش موجودہ مسائل کے سامنے نئے آرمی چیف کی تعیناتی کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔

چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ غیر سیاسی گفتگو  کررہے ہیں اور انتشار پھیلا رہے ہیں  عمران خان عوام کو سڑکوں پر لانا چاہتے ہیں ۔جب دانیال عزیز، طلال چودھری،نہال ہاشمی ،یوسف رضا گیلانی کےخلاف کارروائی ہوسکتی ہے تو پھر عمران خان کے خلاف کیوں نہیں؟ عوام توقع کرتے ہیں ان کے ساتھ بھی ویسا ہی سلوک کیا جائے گا۔ 

 اسحاق ڈار نے کہا ملک میں ہونے والی موجودہ مہنگائی کی ذمہ دارپی ٹی آئی حکومت ہے ۔ پی ٹی آئی کو چاہئے تھا سوچ سمجھ کر آئی ایم ایف سے معاہدہ کرتی، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف پروگرام پر جھوٹ بولا ہے ۔ان کے  دور میں پیسہ گرا جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا۔

  اسحاق ڈار کا کہنا تھا نواز شریف کے دور میں ڈالر نیچے آیا ہمارے دور میں  ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام تھا، مہنگائی بہت زیادہ ہے عوام مشکل میں ہے روپے کی قدر کو اب بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے ۔ڈالر روپے کے مقابلے میں کمزور ہوگا تو مہنگائی کم ہوگی۔ 

مزیدخبریں