لاہور : وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت مسلم لیگ قائداعظم کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ۔پارلیمانی پارٹی کا چودھری پرویزالٰہی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
نیو نیوز کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا کہنا تھا کہ چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ کھڑے ہیں، اور کھڑے رہیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی ہمارے لیڈر ہیں۔ پوری پارلیمانی، سیاسی اور عوامی قوت کے ساتھ چودھری پرویزالٰہی کے شانہ بشانہ ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں مسلم لیگ قائداعظم اور پی ٹی آئی کا مثالی اتحاد صوبے کے عوام کو ڈلیور کر رہا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم متحد ہے اور متحد رہے گی۔ صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر کو مل کر مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین پنجاب اسمبلی ساجد بھٹی، حافظ عمار یاسر، شجاعت نواز، محمد عبداللہ وڑائچ، محمد رضوان، احسان الحق، محمد افضل ، خدیجہ عمر اور باسمہ چودھری نے شرکت کی۔