لاپتا شہری بازیاب نہ ہوا تو کارروائی ہوگی: چیف جسٹس نے آئی ایس آئی ،ایم آئی اور آئی بی کے سیکٹر کمانڈر کو طلب کرلیا

03:51 PM, 13 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتا حسیب حمزہ نامی شہری کو کل تک پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ اگر صبح دس بجے تک شہری بازیاب نہ ہوا تو آئی جی، کمشنر، آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی سپیشل برانچ کے سیکٹر کمانڈر حاضر ہو جائیں۔ عدالت کارروائی کرے گی۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے لاپتا شہری حسیب حمزہ کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی ۔  آئی جی اسلام آباد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ حسیب حمزہ کی گُمشدگی پر ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آئی جی صاحب یہ ناقابل برداشت ہے۔ لاپتا افراد سے متعلق پہلے ایک فیصلہ موجود ہے۔  فیصلے میں قرار دیا تھا آئی جی اور متعلقہ افسران ذمہ دار ہوں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ 23 اگست سے بندہ غائب ہے۔ اب یہ عدالت اس فیصلے کے مطابق ہی جائے گی۔ چیف جسٹس نے آئی جی کو کل صبح 10 بجے تک لاپتی شہری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ 

عدالت نے کہا کہ اگر صبح دس بجے تک شہری بازیاب نہ ہوا، تو آئی جی، کمشنر، آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی سپیشل برانچ کے سیکٹر کمانڈر حاضر ہوجائیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل صبح دس بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔

مزیدخبریں