پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج 

03:34 PM, 13 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اپنے ارکان کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا ہے۔ ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
 درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے عوام سے تازہ مینڈیٹ لینے کیلئے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا اور تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔ 
پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر 125 ارکان کے استعفوں کی منظوری کا اعلان کیا تھا، سپیکر راجہ پرویز اشرف کی مرحلہ وار استعفوں کی منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دے۔

مزیدخبریں