غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم درجنوں افغان باشندے گرفتار

03:06 PM, 13 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: سندھ پولیس نے الآصف سکوائر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم درجنوں افغانیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الآصف سکوائر کے قریب ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طریقے سے بارڈر کراس کرکے آنے والے 26 افغان باشندے گرفتار کر لئے۔ 
پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی گشت پر مامور پیٹرولنگ افسر کی جانب سے کی گئی تھی کیونکہ کوئی بھی شخص پیٹرولنگ افسر کو اپنی پاکستانی شہریت نہیں دکھا سکا تھا۔
پولیس حراست کے دوران ملزمان نے بتایا کہ وہ غیر قانونی طریقے سے پاکستانی سرحد عبور کرکے ملک میں داخل ہوئے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف فارن ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سہراب گوٹھ میں پولیس کی بھاری نفری پہنچ چکی ہے جو غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کر رہی ہے جبکہ اس ٹیم کی سربراہی ڈی ایس پی سہراب گوٹھ چوہدری سہیل فیض کر رہے ہیں۔ 
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ کا کہنا ہے کہ مخصوص علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور داخلی و خارجی راستے بند کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے جبکہ اس آپریشن میں درجنوں پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ 
حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران شہریوں کی شناختی تصدیق کی جا رہی ہے، شہریوں سے ناصرف ان کے شناختی کارڈ طلب کئے جا رہے ہیں بلکہ بائیو میٹرک کے ذریعے بھی شناخت کی جا رہی ہے۔ 
ڈی ایس پی چوہدری سہیل فیض نے بتایا کہ سہراب گوٹھ کے مخصوص علاقوں میں کومبنگ آپریشن آئی جی اور ڈی آئی جی کے احکامات پر ہو رہا ہے، گزشتہ رات 26 گرفتاریاں ہوئیںاور آج مزید 15 افغانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں