لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے محکمہ صحت میں ایڈہاک تقرریوں پر پابندی ختم کر دی ہے اور اب ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف کو ایڈہاک ملازمتوں پر بھرتی کیا جا سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان وزیر اعلیٰ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق ایڈہاک تقرریوں پر پابندی ختم کرنے کا اطلاق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے ارسال کردہ سمری کی منظور کر لی ہے۔
سمری کی منظوری کے بعد ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف کو قواعد وضوابط کے تحت ایڈہاک ملازمتوں پر بھرتی کیا جاسکے گا اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام سے محکمہ صحت میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف کی کمی دور ہو سکے گی۔