نوشہرہ میں فلٹریشن پلانٹس کا افتتاح

11:11 PM, 13 Sep, 2021

نوشہرہ : پی ٹی سی نے کورونا نارائی اور مصری بانڈہ میں پینے کے صاف پانی کے فلٹریشن پلانٹس کا افتتاح کر دیا۔  پی ٹی سی کی جانب سے 2025 تک ضلع نوشہرہ کے رہائشیوں کو سو فیصد پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ 

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت  عبدالکریم توردھر نے کورونا نارائی میں واٹر فلٹریشن  پلانٹ کا افتتاح کیا جبکہ مصری بانڈہ  میں دوسرے پلانٹ کا افتتاح رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخواہ ابراہیم خٹک نے کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی سب سے اہم کام ہے ۔ میں پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی اس اہم کاوش کو سراہتا ہوں جو صوبے کے مختلف حصوں میں ینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں حکومت کی مدد کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے کا کردار نہ صرف اقتصادی ترقی بلکہ کمیونٹی سروس میں بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

مصری بانڈہ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا ابراہیم خٹک نے صوبے میں لوگوں کو محفوظ اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی میں پی ٹی سی کے کردار کی تعریف کی۔

پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے فلٹریشن پلانٹس کے افتتاح کے موقع پر پی ٹی سی کے  ہیڈ آف ایکسٹرنل افیئرز  سمیع زمان نے کہا کہ پی ٹی سی 2023 تک اکوڑہ خٹک اور دو ہزار پچیس تک ضلع نوشہرہ کے 100 فیصد رہائشیوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔تاہم اس مقصد کے حصول  کے لیے مقامی اور ضلعی حکومت کا تعاون  بھی درکار ہے۔

صوبے میں پینے کے صاف پانی کی کمی کی وجہ سے بہت سے لوگ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا شکار ہیں جس کے پیش نظر پاکستان ٹوبیکو کمپنی  کی جانب سے صوبہ خیبر پختونخوامیں اپنے  صاف پانی کے منصوبے کو مزید آگے بڑھا یا جا رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اب تک  صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پچیس واٹڑ فلٹریشن پلانٹس تعمیر کیے ہیں اور واٹر فلٹریشن پلانٹس میں اضافے کے ذریعے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔

مزیدخبریں