اسلام آباد:وزیر اعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا جس میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کی منظوری سے متعلق منظوری پر غور کیا جائیگا ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا، وفاقی کابینہ کل ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کی سمری پر غور کریگی، ہیوی کمرشل گاڑیوں پر وینڈرز کےلئے اضافی ڈیوٹی ختم کرنے کی سمری پر غور کریگی۔
کابینہ میں 20 ریگولیٹری اتھارٹیز کے چیرمین اور ممبران کی تنخواہوں اور مراعات پر رپورٹ پیش ہوگی،ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نادرا کے ممبران کی تقرری پر وزارت داخلہ کی سمری منظوری کےلئے پیش ہوگی۔ قائد اعظم فاؤنڈیشن ایکٹ 2021 کا ڈرافٹ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اورسیز ایمپلائمنٹ میں امیگیرنٹس کے محافظ کے تقرری اور تبادلہ پر غور ہوگا۔
ایف بی آر کے ڈیٹا بنک کےہیک ہونے کے بعدآپریشنل ایمرجینسی کے نفاذ کا فیصلہ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہوگا، ذرائع کے مطابق پینل سرچارج کی چھوٹ ، رویت ہلال سے متعلق قانون سازی کابینہ ایجنڈا کا حصہ ہے۔
دیا میر بھاشا ڈیولپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ کابینہ کمیٹی نجکاری کے دس اگست کے فیصلوں میں ترمیم کے فیصلوں کی توثیق ایجنڈا میں شامل ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق ایجنڈا میں شامل ہے۔
ای سی سی کے 9 ستمبر کے فیصلوں کی توثیق کابینہ ایجنڈا میں شامل کی گئی ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی مقدمات کی اورسیز پاکستانیز سے متعلق سمری منظوری کے لئے پیش ہوگی۔