کابل: افغانستان کی امارت اسلامی کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے آڈیو پیغام میں اپنی ہلاکت کی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر کی انس حقانی سے تلخ کلامی اور فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار جانے کی افواہیں گردش کررہی تھیں۔
تاہم کافی تاخیر کے بعد اب نائب وزیر اعظم کے ترجمان مولوی موسیٰ کلیم نے ایسی خبروں کو بے بنیاد اور جھوٹ قرار دیتے ہوئے میڈیا کو افواہوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بعد ازاں امارت اسلامی افغانستان کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے ٹوئٹر پر ملا عبدالغنی برادر کا آڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ کچھ بری افواہیں گردش کر رہی ہیں لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ الحمد اللہ ہم سب خیریت سے ہیں۔
نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر کا آڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ وہ افواہوں کے وقت اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سفر میں تھے اس لیے جلد تردید نہ کرسکے تھے۔
واضح رہے کہ کابل سے نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر امیرِ طالبان ملا ہبتہ اللہ اخوندزادہ سے مشاورت کے لیے قندھار پہنچے ہیں۔