کراچی :محکمہ داخلہ سندھ نے ایک بار پھر کراچی اور حیدرآباد میں مارکیٹوں کے اوقات کار میں تبدیلی کردی ۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے مارکیٹوں کے اوقات کار کے حوالے سے نیا مراسلہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھیج دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹیمیں مارکیٹس میں شاپنگ مال ،دکانوں پر ایس او پی کا جائزہ لیں گی اور دکانوں میں ویکسین سرٹیفکیٹ بھی چیک کریں گی ، خلاف ورزی کرنے والی مارکیٹ ، بازار اور مال کو سیل کیا جائے۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ مارکیٹس میں شاپنگ مال ،دکانوں پر ایس او پی کا جائزہ لینے کیلئے 13 اور 14 ستمبر کو ٹیمیں وزٹ کریں گی۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے سندھ حکومت نے کراچی اور حیدرآباد میں بازار رات 8 سے بڑھا کر 10 بجے تک کھولنے اور جمعے کے روز مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی تھی۔
ناصر حسین شاہ نے کراچی ڈویژن کے کمشنر، ڈپٹی کمشنراورانتظامیہ کو بھی ہدایت کی اور تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ جلد نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔