سرگودھا کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات، قبرستان میں پولنگ سٹیشن بنا دیا گیا  

02:08 PM, 13 Sep, 2021

سرگودھا: سرگودھا کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں انوکھا منظر دیکھنے میں آیا جہاں سرکاری عمارت کی عدم دستیابی کے باعث خواتین اور مردوں کا مشترکہ پولنگ سٹیشن قبرستان میں بنا دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں ووٹرز قبروں کو پھلانگ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے رہے۔ جناز گاہ اور قبروں کے درمیان راستے پر کیمپ لگا کر پولنگ سٹیشن پر انتخابی عمل کو مکمل کیا گیا۔

خیال رہے کہ سرگودھا کی 10 میں سے تین سیٹوں پر پاکستان تحریک انصاف، دو پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جبکہ پانچ نشستیں آزاد امیدوار لے گئے۔

کنٹونمنٹ بلدیاتی الیکشن کے تمام 212 وارڈز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں۔ حکمران جماعت تحریک انصاف 60 نشستوں کیساتھ سرفہرست ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے 59 جبکہ 55 آزاد امیدواروں نے میدان مارا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی نے 17، متحدہ قومی موومنٹ 10، جماعت اسلامی نے 7، بلوچستان عوامی پارٹی نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تاہم جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کو کوئی سیٹ نہ مل سکی۔

لاہور کے 19 کنٹونمنٹ بورڈز میں سے 15 وارڈز پر مسلم لیگ (ن) کامیاب قرار پائی، راولپنڈی میں بھی ن لیگ نے میدان مارا۔ ملتان میں 10 میں سے 9 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے لیکن تحریک انصاف کو کوئی سیٹ نہ مل سکی۔

گوجرانوالہ میں تحریک انصاف 10 میں سے 6 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ کراچی میں پیپلز پارٹی، حیدر آباد میں متحدہ قومی موومنٹ جیتی، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف نے 18 نشستیں حاصل کیں جبکہ 7 سیٹوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔

لاہور کینٹ بورڈ اور والٹن کینٹ بورڈ کے 19 وارڈز میں 249 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق لاہور کینٹ بورڈ کے 10 میں سے 6 وارڈز پر (ن) لیگ جیتی۔ پی ٹی آئی صرف 3 وارڈز میں کامیابی حاصل کر سکی جبکہ ایک وارڈ میں آزاد امیدوار کو فتح ملی۔

مزیدخبریں