لاس اینجلس: امریکا کی مشہور گلوکارہ برٹنی سپیئرز نے اپنے دیرینہ دوست سیم اشگری کو اپنا جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کیساتھ منگنی کا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک تصویر میں برٹنی سپیئرز اپنا ہاتھ دکھا رہی ہیں جس میں انہوں نے منگنی کی انگوٹھی پہنی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ 13 سال سے اپنے والد کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہی ہیں جو نفسیاتی عارضے کو بنیاد بنا کر گلوکارہ کی تمام جائیداد اور پیسوں پر کنٹرول رکھے ہوئے تھے۔
برٹنی سپیئرز نے کہا تھا کہ اس کیس کی قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے وہ اب تک سیم اشگری سے شادی نہیں کر پائی ہیں۔ امریکی گلوکارہ یہ پابندیاں 2008ء سے جھیل رہی ہیں۔
گلوکارہ کے مینجر برینڈن کوہن نے اس منگنی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ برٹنی اور سیم نے بالاخر کئی سالوں کے بعد اپنے تعلق کا اعلان کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں کی ملاقات 2016ء میں میوزک ویڈیو کے ایک سیٹ پر ہوئی تھی۔
27 سالہ سیم اشگری کا آبائی ملک ایران ہے لیکن وہ بارہ سال کی عمر میں اپنے والدین کے ہمراہ امریکا منتقل ہو گئے تھے۔ اشگیری بنیادی طور پر پرسنل ٹرینر اور اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
کچھ عرصہ قبل امریکی جریدے فوربز کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس سرزمین پر قدم رکھا تو میرے لئے سب کچھ عجیب تھا، یہاں کی دنیا کی الگ تھی، مجھے تو انگریزی تک بولنا نہیں آتی تھی۔
دوسری جانب امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز کی زندگی پر بات کی جائے تو وہ اس سے قبل دو بار شادی کے بندھن میں بند چکی ہیں۔
39 سالہ برٹنی سپیئرز نے 2004ء میں اپن بچپن کے دوست جیسن ایلگزینڈر کو اپنا جیون ساتھی بنایا تھا لیکن جلد ہی ان دونوں کا تعلق ختم ہو گیا۔
تاہم اسی سال برٹنی سپیئرز نے ڈانسر کیون فیڈرلائن سے شادی کی جس سے ان کے دو بچے ہیں، تاہم اس شادی کا اختتام بھی ناکامی پر ہوا، 2007ء میں دونوں نے طلاق لے لی تھی۔