لاہور: پنجاب حکومت میں اکھاڑ پچھاڑ شروع ہو گئی جس کے تحت شہباز گل نے بھی عہدہ چھوڑ دیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت میں وزیراعلیٰ کے مشیر عون چوہدری کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ آصف محمود کو وزیراعلیٰ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے جو مشیر برائے ہارٹی کلچر اور سیاحت کے طور پر کام کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر عون چوہدری کو ہٹانے اور آصف محمود کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ شہباز گل پنجاب حکومت کے سرگرم ترجمان سمجھے جاتے تھے اور وہ ہر محاذ پر پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا دفاع کرتے نظر آتے تھے جب کہ گزشتہ روز شہباز گل نے ایک پریس کانفرنس بھی کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جسے عثمان بزدار کی شکل پسند نہیں تو وہ پارٹی چھوڑ دے۔