کشمیریوں سے یکجہتی، وزیراعظم آج مظفر آباد میں بڑے جلسے خطاب کرینگے

08:57 AM, 13 Sep, 2019

مظفر آباد: آئیں سب چلیں مظفر آباد، بن کر کشمیریوں کی آواز۔ مظلوموں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں بڑا جلسہ ہو گا۔ وزیراعظم کشمیر کا مقدمہ ایک پھر دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

جلسے میں آزاد کشمیر کی اعلیٰ حکومتی شخصیات اور تحریک انصاف کی قیادت بھی شریک ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان خصوصی خطاب کے ذریعے کشمیریوں پر ہونیوالے ظلم کے خلاف آواز بلند کریں گے اور دنیا کے سامنے ایک بار پھر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے۔

جلسے کی سیکیورٹی کیلئے 2 ہزار پولیس اہلکار فرائض سنبھالیں گے۔ جلسے کے شرکاء کے لئے خصوصی راہداریاں بھی قائم کی گئی ہیں۔ پنڈال میں کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے بینرز اور جھنڈے آویزاں کیے گئے ہیں۔

سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ کھلاڑی اور شوبز کے ستارے بھی نہتے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے میدان میں آ گئے ہیں۔ بوم بوم آفریدی بھی مظفرآباد جلسے میں شرکت کریں گے۔ شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئٹس میں کہا وہ کشمیریوں کی آواز بننے کے لیے وزیراعظم کو جوائن کریں گے کیونکہ ہر آواز کی اپنی اہمیت ہے۔

اداکار ہمایوں سعید نے بھی ٹوئٹر پیغام میں مظفرآباد جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا اس مشکل گھڑی میں وہ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ اداکارہ مایا علی نے بھی وزیراعظم کے جلسے میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا۔ ساحر علی بگا نے عوام سے کہا بھارتی مظالم کے خلاف اپنے وزیراعظم کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی مظفر آباد جلسے میں شریک ہونگے۔

مزیدخبریں