لندن :سابق خاتونِ اول بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ لندن میں ادا کر دی گئی .
تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اسلام سینٹر ریجنٹ پارک پلازہ میں ادا کرد ی گئی ہے ۔نماز جنازہ امام خلیفہ عزت نے پڑھائی جس میں شہبازشریف ، چوہدری نثار ، حسن، حسین ، اسحاق ڈار لیگی کارکنان اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
خاندانی ذرائع کے مطابق نماز جنازہ کے بعد لندن کے مقامی وقت شام 6 بجکر 15 منٹ (پاکستانی وقت 10 بجکر 15 منٹ ) پر پی آئی اے کی فلائٹ (پی کے 758) کے ذریعے کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان لایا جائے گا۔اس سلسلے میں شریف خاندان نے نجی ہسپتال سے کلثوم نواز کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور جسد خاکی کو’برطانیہ سے باہر‘ لے جانے کے لیے کورونر کی عدالت سے سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا۔
کلثوم نواز کی میت پاکستان پہنچنے پر کل ان کی نماز جنازہ شریف میڈیکل کمپلیکس رائیونڈ میں شام 5 بجے ادا کی جائے گی جس کے بعد تدفین سسر میاں شریف کے پہلو میں ہوگی۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا جب کہ ان سے تعزیت کے لیے جاتی امرا آنے والوں میں سیاسی جماعتوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔