میکسیکو: امریکا میں بیماریوں اور انفیکشن کے خطرے کے تحت ایک بیوٹی پارلر بند کروادیا گیا ہے جو مریضوں کے خون سے ان کا فیشل کرتا تھا۔
البوکرکی، نیومیکسکو میں واقع ایک ایسے بیوٹی پارلر کا انکشاف ہوا ہے جہاں ویمپائر فیشل ہورہا تھا اور اس کا نام ’وی آئی پی اسپا‘ رکھا تھا۔ اسی بنا پر محکمہ صحت نے یہاں آنے والی خواتین کے بعض ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا ہے۔نیومیکسکو ڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ (این ایم ڈی او ایچ) نے بیوٹی پارلر بند کرنے کے بعد یہاں آنے والی ان خواتین کو طبی ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا ہے جنہوں نے انجکشن کے ذریعے خود کو خوبصورت بنانے کے خونی جتن بھی کئے تھے۔
کاسمیٹک اور بیوٹی پارلر حلقوں میں ’ویمپائرفیشل‘ ایک نیا رحجان ہے جسے کئی شخصیات بشمول کِم کرڈاشیئن نے مشہور کرایا۔ اس میں سوئی سے فیشل کرانے والی خاتون کا خون نکالا جاتا ہے اور خون میں سے پلازما الگ کرکے چہرے پر لگایا جاتا ہے۔ خیال ہے کہ پلازما میں موجود پروٹین جلد کو خوبصورت اور ہموار بناتے ہیں۔
اگلے مرحلے میں بیوٹی پارلروں میں پلازما کو انجکشن میں بھر کر خواتین کے چہرے پر لگانا شروع کردیا گیا جس کے بعد محکمہ صحت کو ان کے خلاف کارروائی کرنا پڑی کیونکہ اس سے ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی انفیکشن پھیلنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ صرف امریکا میں ہی اس فیشل کی قیمت 400 سے 500 ڈالر ہے۔