واشنگٹن: ٹیکنالوجی میں جدت اور ترقی کا سفر جاری و ساری ہے اور اب دنیا میں آنے والا ہے سب سے بڑا جہاز کیونکہ معروف جہاز ساز کمپنی بوئنگ نے دنیا کے سب سے بڑے مسافر طیارے کی تصویر جاری کردی جسے ایک سال تک آزمائش کے بعد مارکیٹ میں لایا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فضائی کمپنی بوئنگ نے طیاروں کی نئی سیریز 777X کے پہلے طیارے 777X-9 کی ایک تصویر جاری کی ہے جس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ طیارے کو واشنگٹن کے شہر ایورٹ میں اس کی سٹیٹک آزمائش کی جائے گی۔
بوئنگ کمپنی کے مطابق 777 ایکس طیارے میں 350 سے 425 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی جسے 2020 تک مارکیٹ میں لایا جائے گا جب کہ آئندہ سال سے باقاعدہ طور پر اس کی آزمائشی پروازیں شروع کی جائیں گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ بوئنٹگ کمپنی کی 99 سالہ تاریخ میں 777 ایکس نائن پہلا طیارہ ہے جس میں 235 فٹ اور 5 انچ طویل ونگزپین (ایک پر سے دوسرے پر کا فاصلہ) کا استعمال ہوا ہے جس سے ایئربس اے 350 کے مقابلے میں 12 فیصد تک فیول اخراجات کی بچت ہوگی۔
نئے طیارے 777 ایکس کے پروگرام منیجر ڈورن بنگو کے مطابق اسٹیٹک ٹیسٹ کے دوران طیارے کے ڈھانچے اور اس کی قوت برداشت کو چیک کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو محفوظ پروڈکٹ فراہم کی جائے۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ بوئنگ A350 کے مقابلے میں 777 ایکس نائن کے آپریٹنگ اخراجات 10 فیصد کم ہیں۔کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اسے کئی فضائی کمپنیوں کی جانب سے آرڈر مل چکے ہیں جن میں ایمریٹس، آل نیپون ایئرویز اور لفتھانسا بھی شامل ہیں۔