لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت آج رات لندن سے پاکستان کے لیے روانہ کی جائے گی۔ کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز 11 ستمبر کو لندن میں دوران علاج انتقال کر گئی تھیں۔
نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف، ان کی چھوٹی صاحبزادی اسما اور صاحبزادے حسین نواز کے 2 بیٹوں سمیت خاندان کے دیگر افراد ساتھ میت کے ساتھ آئیں گے۔ کلثوم نواز کے صاحبزادے حسین اور حسن نواز پاکستان نہیں آئیں گے۔
پاکستان روانگی سے پہلے کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں بعد نمازِ ظہر ادا کی جائے گی۔
پاکستانی وقت کے مطابق رات تقریباً 11 بجے ہیتھرو ایئرپورٹ سے کلثوم نواز کی میت پی آئی اے کی پرواز سے لاہور روانہ کی جائے گی۔ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعے کو جاتی امرا میں ادا کی جائے گی
وطن واپسی پر بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعے کی شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی جبکہ ان کی تدفین جاتی امرا میں ہوگی۔
خیال رہے کہ شہباز شریف گزشتہ رات لندن پہنچے تھے اس موقع پر نواز شریف کے بیٹے حسین نواز چچا کو دیکھ کر فرط جذبات میں گلے لگ کر رو پڑے۔ شہباز شریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں بھتیجوں سے تعزیت کی۔
اس سے پہلے حسین نواز نے والدہ کا جنازہ پاکستان بھیجنے کےانتظامات کیے۔ اس سلسلے میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا سمیت ضابطے کی تمام کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔