ہینگ یانگ: چین کے صوبہ ہنان میں کار سوار نے تیز رفتار گاڑی راہگیروں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 46 زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق راہگیروں پر کار چڑھانے کا واقعہ ہنان کے شہر ہینگ یانگ کے بن جیانگ اسکوائر میں پیش آیا۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں سے چند افراد کو تیز دھار آلے کی مدد سے زخمی کیا گیا۔
حکام کی جانب سے واقعے کو دہشت گردی یا غلطی قرار دینے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا گیا تاہم مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر گاڑی راہگیروں پر چڑھائی۔
چینی میڈیا کے مطابق راہگیروں پر گاڑی چڑھانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے گرفتار شخص کی شناخت 54 سالہ یانگ زن ین کے نام سے ظاہر کی گئی ہے جبکہ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص پہلے بھی جلاؤ گھیراؤ اور منشیات کے مقدمات میں جیل کاٹ چکا ہے۔