ایپل نے آئی فون ایکس سیریز کے دو نئے فونز متعارف کروا دیے

ایپل نے آئی فون ایکس سیریز کے دو نئے فونز متعارف کروا دیے
کیپشن: ہم آئی فون ایکس سیریز کو نئی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں، ٹم کک۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ایپل

کوپرٹینو: ایپل نے اپنے مہنگے ترین اسمارٹ فون کے دو نئے ورژنز جبکہ ایک نئی اسمارٹ واچ متعارف کروا دی ہے۔ ایپل نے بدھ کو آئی فون ایکس ایس اور آئی فون ایکس ایس میکس لانچ کر دیا۔ یہ فونز ایپل کے آئی فون ایکس کے ہی جدید ورژنز ہیں۔

کوپرٹینو کیلی فورنیا میں فون لانچنگ کی تقریب میں ایپل کے چیف ایگزیکیٹیو ٹم کک نے کہا کہ ہم آئی فون ایکس سیریز کو نئی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں۔

ایپل کے نائب صدر فل شلر نے بتایا کہ فونز کا ڈسپلے 5.8 اور 6.5 انچ ہے۔ اس کے علاوہ ایپل نے ایک نئی اسمارٹ واچ بھی متعارف کروائی ہے جس میں صحت کے حوالے سے نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

 

یہ واچ 21 ستمبر سے امریکا میں 399 ڈالرز میں دستیاب ہو گی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر جیف ولیم نے بتایا کہ اس واچ سے کسی بھی وقت کہیں بھی ای سی جی لیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ اگر اس گھڑی کو پہننے والا شخص گر جائے تو یہ اس صورت حال کو سمجھنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔ چیف نے بتایا کہ اگر گرا ہوا شخص کچھ دیر تک اپنے مقام سے ہل نہیں پاتا تو یہ گھڑی ایمرجنسی سروسز کو کال کر دے گی۔