بھارت میں کبڈی میچ کے دوران جھگڑا، گولی لگنے سے ایک کھلاڑی زخمی

06:15 PM, 13 Sep, 2017

نیوویب ڈیسک
بھارت میں کبڈی میچ کے دوران جھگڑا، گولی لگنے سے ایک کھلاڑی زخمی

نئی دہلی: بھارت میں ایک کبڈی میچ لڑائی جھگڑے میں تبدیل ہو گیا، گولی چلنے سے ایک 17 سالہ کھلاڑی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک کبڈی میچ کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں دونوں ٹیموں میں جھگڑے کی وجہ سے گولی چل گئی جس سے ایک کھلاڑی زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے قریب علاقے میں پیش آیا جہاں کبڈی میچ کھیلنے والی دونوں ٹیمیں پوائنٹس پر لڑ پڑیں۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر بے ایمانی کا الزام لگایا اور جھگڑا شروع کر دیا۔

اس جھگڑے نے اس وقت طول پکڑ لیا جب تماشائیوں میں بیٹھے کچھ افراد نے میدان میں کود کر اس کو بڑھاوا دینا شروع کر دیا۔ اسی دوران گولی چلنے کی آواز آئی جو سیدھی ایک کھلاڑی کو جا لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

گولی سے زخمی ہونے والے کھلاڑی کی شناخت 17 سالہ اونیش کے نام سے کی گئی ہے جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزیدخبریں