کراچی :گاڑی کے ٹائروں کے حوالے سے وہ اہم معلومات جن سے آپ پہلے ناواقف تھے ہر ٹائر کی رفتار کی ایک حد ہوتی ہے اور اس کی ایک مدتِ معیاد بھی ہوتی ہے جو اس پر لکھی ہوتی ہے یہ معلومات ٹائر کے سائیڈ پر درج ہوتی ہے۔
ٹائروں پر لکھے جانے والے مخصوص نمبروں کا اکثر افراد کو نہیں پتہ اس لئے ان نمبروں کے اشاروں کوسمجھنا ضروری ہیں اگر آپ کو ٹائر پر "1423” لکھا ہوا نظر آئے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ ٹائر سال 2023کے چودھویں ہفتے میں بنایا گیا ہے۔
اسی طرح ہر ٹائر کی رفتار کی ایک حد ہوتی ہے جو اس پر درج ایک حرف سے ظاہر ہوتی ہے، حرف "L” کا مطلب ہے کہ ٹائر کی زیادہ سے زیادہ رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، حرف "M” کا مطلب ہے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ، حرف "N” کا مطلب ہے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ، حرف "P” کا مطلب ہے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ، حرف "Q” کا مطلب ہے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ، حرف "R” کا مطلب ہے 170 کلومیٹر فی گھنٹہ اور حرف "H” کا مطلب ہے کہ ٹائر 210 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار برداشت کر سکتا ہے۔
خریدار ٹائر خریدتے ہوئے پر اس پر درج حرف یا نمبرز لازمی چیک کریں اور رفتار کا خیال رکھیں،اس کے علاوہ عموماً آپ ٹائر کے اوپر اس طرح کے نمبر درج دیکھیں گے: 195 65 R 15 91 H ان کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
195: اس کا مطلب ہے کہ ٹائر کی چوڑائی 195 ملی میٹر ہے، 65: یہ چوڑائی اور اونچائی کے تناسب کو ظاہر کرنے والا نمبر ہے، یعنی اونچائی چوڑائی کا 65 فیصد ہے،R: اس کا مطلب ریڈئیل (Radial) ہے۔
15: یہ وہیل کا قطر ہے، یعنی جو ٹائر آپ دیکھ رہے ہیں وہ 15 انچ قطر کے وہیل پر فٹ ہوگا،91: یہ نمبر لوڈ انڈیکس کہلاتا ہے، لوڈ انڈیکس 91 کا مطلب ہے کہ یہ ٹائر 615 کلوگرام تک وزن اٹھاسکتا ہے۔
H: یہ حرف رفتار کو ظاہر کرتا ہے۔ جتنا بڑا حرف ہوگا ٹائر اتنی زیادہ رفتار برداشت کرسکتا ہے۔ حرف H والے ٹائر کیلئے 210 کلومیٹر فی گھنٹے تک کی رفتار محفوظ رفتار ہے۔