چین نے مجموعی طور پر پاکستان کے توانائی کے شعبے میں 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

 چین نے مجموعی طور پر پاکستان کے توانائی کے شعبے میں 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چینی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی دنیا کے لیے مثال ہے۔ چین نے مجموعی طور پر پاکستان کے توانائی کے شعبے میں 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے۔ اور ملک میں توانائی کے شعبے کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں نے 9 ہزار میگاواٹ کی بجلی پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔ اور چین کی جانب سے گزشتہ ایک دہائی میں سستی بجلی فراہم کرنے جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری قابل تحسین ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ چینی انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) پاکستان میں بجلی کی سب سے بڑے بیرونی سرمایہ کار ہیں۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کی ہے جو سی پیک فیز 2 کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) فیز ون میں ملک میں انفرااسٹرکچر بنانے پر کام کیا گیا۔ جبکہ سی پیک فیز ٹو میں اس انفرااسٹرکچر کو بروکار لایا جائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ اور پچھلے چند ماہ میں پاکستانی کرنسی میں استحکام آیا ہے جبکہ ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اگلے دو ہفتوں میں 11 ارب ڈالرز تک پہنچ جائیں گے۔