شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی: عطاء اللہ تارڑ

05:32 PM, 13 Oct, 2024

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او کے لیے اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس علاقائی تعاون کے حوالے سے اہم فورم ہے۔ جبکہ اس سے معاشی اور علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔ ایس سی او سمٹ کی سائیڈ لائن پر سربراہان مملکت کی دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان خطے میں تجارت اور امن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے آزادانہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ابھر رہا ہے اور ملائیشیا کے وزیر اعظم دورہ بھی کامیاب رہا۔ جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم نے پاکستانی برآمدات بڑھانے کا یقین دلایا۔ چاول، حلال گوشت سمیت برآمدات سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری وزیر کی سربراہی میں وفد نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا۔ اور سعودی فرمانروا شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ سعودی عرب کے ساتھ 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کم ہو کر 6.9 فیصد پر آگئی ہے۔ اور تجارتی خسارے میں مسلسل کمی آئی ہے۔ جبکہ ہماری برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہبازشریف کا دورہ تاجکستان انتہائی مفید رہا۔ اور چینی وزیر اعظم کا دورہ پاکستان سی پیک کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اچھی پیشرفت ہو رہی ہے۔

مزیدخبریں