چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ کل پاکستان پہنچیں گے

02:54 PM, 13 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ کل پاکستان پہنچیں گے، 14 تا 17 اکتوبر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ چینی وزیراعظم وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچیں گے، وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی کریں گے۔ان کے ہمراہ وزراء اور سینئر حکام بھی ہوں گے۔چینی وفد میں وزارت خارجہ، وزارت تجارت، قومی ترقیاتی اصلاحاتی کمیشن کے نمائندے ہوں گے۔

ترجمان  کا کہنا ہے کہ چینی وفد میں چین کی بین الاقوامی ترقیاتی تعاون ایجنسی کے نمائندے بھی ہوں گے ، وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے ، اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی بات کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم صدر آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنماؤں اور پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے ، چینی وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

مزیدخبریں