لاہور : انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد دوسرے ٹیسٹ کے لیے بابر اعظم کو آرام دینے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کے چناؤکے معاملے پر تقسیم ہو گئی، ٹیم مینجمنٹ نے بابر اعظم کو کھیلانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم تجربہ کار کھلاڑی ہیں، انہیں صرف ایک اچھی اننگز کی ضرورت ہے، تاہم اس معاملے پر سلیکشن کمیٹی اور ٹیم منیجمنٹ میں اختلاف ہے۔
دوسری جانب سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم لمبے عرصے سے کرکٹ کھیل رہے ہیں ان کو آرام دینا چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان اور کوچ ابرار احمد کی جگہ نعمان علی کو دوسرے ٹیسٹ میں شامل کرنے پر متفق ہیں۔
اس سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔چیئرمین پی سی بی نے اجلاس سے قبل مینٹورز سے علیحدہ ملاقات کی اس کے بعد مینٹورز اور سلیکشن کمیٹی کا دو گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور کھلاڑیوں کی فٹنس پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں متوقع تبدیلیوں سے متعلق محسن نقوی کو آگاہ کیا، چیئرمین پی سی بی اور مینٹورز نے نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا عمل رواں سیریز کے اختتام تک مکمل کرنے پر اتفاق کیا، کھلاڑیوں کے فٹنس کے عمل کو بھی رواں سیریز کے ختم ہونے تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے پچز کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت کی جبکہ سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور مینٹورز نے اس حوالے سے تجاویز دیں۔