شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس ، پاکستان میزبانی کے لیے تیار

11:25 AM, 13 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس  کی میزبانی کے لیے تیار  ہے، 23واں اجلاس 15اور 16اکتوبر کواسلام آباد میں ہو گا۔

وزیراعظم نے گزشتہ روز اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جناح کنونشن سینٹر کا دورہ کیا، شہباز شریف کو چیئرمین سی ڈی اے اور وزارت خارجہ کے حکام نے تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر انہوں نے اجلاس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ شرکاء کی آمدورفت کے دوران شہریوں کو کم سے کم تکلیف پہنچانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم ایس سی او اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔ایران کے اول نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ ایس سی او میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے، منگولیا کے وزیراعظم اور چیئرمین کابینہ، ترکمانستان کے وزیر خارجہ بھی شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم شہباز شریف سائیڈ لائنز پر مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں معیشت، تجارت اور ماحولیات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر بھی بات چیت ہوگی۔

مزیدخبریں