پشاور : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور کے پی کے سابق گورنر شاہ فرمان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے سینئر مشیر کے عہدے سے استعفٰی دےدیا۔
سابق گورنر شاہ فرمان کا عہدے سےاستعفٰی دینے کے بعد کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے سینئر مشیر بنایا۔عمران خان کی تشکیل کردہ احتساب کمیٹی کا رکن ہوں اور کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا حصہ بن کر اچھامحسوس نہیں کررہا ہوں کیونکہ اس عہدے کی وجہ سے میری ذمہ داریوں پر اثر پڑسکتا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ میں حکومت کی کارکردگی، میرٹ کی خلاف ورزی یا بدعنوانی کے حوالے سے اگر کوئی شکایت ہوگی تو آگاہ کرتے ہوئے آپ کی مدد کروں گا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے شاہ فرمان کو گزشتہ ماہ کے آخر میں اپنا مشیر مقرر کیا تھا، جس پر تنقید کی گئی تھی کہ انہوں نے آئین کے برخلاف اقدام کیا ہے۔وزیراعلیٰ کے مشیر کے طور پر انہیں سینئر وزیر کا درجہ دیا گیا تھا۔