غزہ: اسرائیل نے غزہ پر6 روز میں 6 ہزار بم، 4 ہزار ٹن بارود برسانے کا اعتراف کرلیا۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں سے شہیدفلسطینیوں کی تعداد 1 ہزار 570 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد7 ہزار 200 سے بھی بڑھ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ پر اسرائیلی حملوں کے باعث ڈھائی ہزار سے زیادہ مکانات تباہ جبکہ 30 ہزار کو جزوی نقصان پہنچا ہے، بے گھر فلسطینیوں کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار تک پہنچ گئی۔
1,572 #Palestinians have been killed and 7,262 are injured in #Israeli strikes in the #GazaStrip, the Palestinian health ministry reports. https://t.co/ddnRDe1QFg pic.twitter.com/UpMRsKuKWh
— Al Arabiya English (@AlArabiya_Eng) October 12, 2023
رپورٹس کے مطابق 2 لاکھ 20 ہزار فلسطینی اقوام متحدہ کے اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، ایک لاکھ فلسطینی اپنے عزیزوں، گرجا گھروں میں رہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب اسپتالوں میں زخمیوں کے لیے بستر اور دوائیں کم پڑگئی ہیں اور بجلی بند ہونے سے وینٹی لیٹرز چلانا چیلنج بن چکا ہے۔
اسرائیلی بمباری میں مجموعی طور پر شہید ہونے والوں میں 400 سے زیادہ بچے اور 250 خواتین بھی شہداء میں شامل ہیں جبکہ 50 سے زائد طبی عملے کے ارکان بھی حملوں میں شہید ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل پر حماس کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1300 تک جا پہنچی ہے، 3 ہزار سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے یرغمالیوں کی رہائی تک ناکابندی ختم کرنے سے انکار کردیا ہے جبکہ مصر نے غزہ کے پناہ گزینوں کو محفوظ راہداری فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شام پر حملے کیے ہیں، دمشق اور حلب کے ہوائی اڈوں پر بمباری سے رن ویز کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔