اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کا اعلان ہوتے ہی عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی قیادت کو گرفتار کرلیں گے۔ عمران خان باؤلا کتا ہے ۔ اس کے ساتھ وہ سلوک ہوگا کہ یہ یاد رکھے گا۔ اعظم سواتی نے جو بات کی وہ قابل اعتراض ہے۔ اعتزاز احسن نے بھی ایسی بات کی لیکن انہیں اس لیے گرفتار نہیں کیا گیا کیونکہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو غدار قرار دیا ہے۔ عمران خان پاگل ہوگیا ہے وہ کہتا ہے کہ میرے علاوہ یہاں کوئی نہ ہو اور پاکستان میں صرف میری حکومت ہو۔ باقی سب جیلوں میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کو ٹویٹ پر گرفتار کیا گیا ۔عمران خان کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں عدالتوں نے انہیں ضمانت دے دی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان کو عدالت سے سزا ہو اگر ہم نے ثابت کیا تو سزا ہوجائے گی دوسری صورت میں بری ہوجائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نیب کا کالا قانون ختم کردیا ہے اگر نیب کا قانون ہوتا تو عمران خان کو تین ماہ تک بغیر کسی ٹرائل گرفتار رکھا جا سکتا تھا اور کوئی عدالت انہیں رہا نہیں کرسکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جس دن عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کیا اس کے بعد اس کے ساتھ جو کچھ ہوگا اسے پتا ہی نہیں ہے کہ کیا ہوگا۔ ابھی ہم نے بہت سی باتیں خفیہ رکھی ہوئی ہیں۔ عمران خان گھیرے میں آئے تو انہیں اور پی ٹی آئی قیادت کو گرفتار کرلیں گے۔ خان صاحب کو الٹا لٹکائیں گے۔