لندن: 1970 کے بعد سے زمین کی تقریباً 70 فیصد جانوروں کی آبادی ختم ہو چکی ہے ، عالمی جنگلی حیات فنڈ اور لندن کی زولوجیکل سوسائٹی نے رپورٹ جاری کر دی ۔
برطانوی جریدے "دی گارجین " کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ زمین پر جانوروں کی آبادی 70 فیصد ختم ہوچکی ہے ۔ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ اور لندن کی زولوجیکل سوسائٹی کے مطابق صرف 50 سال سے کم عرصے میں زمین کی جنگلی حیات کی آبادی میں 69 فیصد کی کمی ہوئی ، جس کی بڑی وجہ جنگلات کا کٹاؤ ہے ۔ صنعتیں بڑھنے اور عالمی سطح پر آلودگی سے موسمیاتی تبدیلیاں ہونے سے جانوروں کی آبادی میں کمی ہوئی ۔
رپورٹ کے مطابق 1970 اور 2018 کے درمیان پرندوں اور مچھلیوں سمیت دیگر جانوروں اور حشرات الارض کی آبادی دو تہائی سے زائد کم ہوئی ۔
سائنسدانوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ رواں سال دسمبر میں کینیڈا میں ہونے والے بائیو ڈائیورسٹی اجلاس میں عالمی حرارت کو کم کرنے کے لیے کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور دنیا کو بڑی تباہی سے بچانے کیلئے معاہدہ کرنا چاہیے ۔