نئی دہلی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے منتخب سکواڈ میں آخری لمحات میں تبدیلی کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سلیکٹرز نے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے منتخب سکواڈ میں تبدیلی کی ڈیڈ لائن 15 اکتوبر سے قبل اشر پٹیل کی جگہ فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر شردل ٹھاکر کو سکواڈ میں شامل کیا ہے اور اشر پٹیل کو سٹینڈ بائی کھلاڑیوں میں شامل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واحد تبدیلی کے ساتھ ہی بھارتی سکواڈ کو حتمی شکل مل گئی ہے اور اب کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
شردل ٹھاکر 22 مرتبہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 31 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی آخری سیریز میں وہ 2 نصف سنچریاں بنانے کے باعث ایک بھروسہ مند آل راؤنڈر کے طور پر ابھرے تھے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں ورلڈکپ کیلئے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں بھارتی ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما، کے ایل راہول، سوریا کمار یادیو، رشبھ پنت، ایشان کشن، ہردیک پانڈیا، رویندرا جدیجہ، راہول چھاہر، روی چندرن ایشوین، شردل ٹھاکر، ورون چکراورتھی، جسپریت بمرا، بھوونیشور کمار اور محمد شامی شامل ہیں۔