لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں محمد رضوان اور میں اوپننگ کریں گے، ہم دونوں پر بہت ذمہ داری ہے لیکن مجھے قومی سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں پر بہت یقین ہے اور سب میچ ونر ہیں۔
تفصیل کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ ہی نہیں بلکہ ورلڈکپ بھی جیتنا چاہتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ مختصر فارمیٹ کے اس میگاایونٹ میں جو ٹیم بھی دباﺅ میں اچھا کھیلے گی، جیت اسی کا مقدر بنے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی سکواڈ میں شامل ہونے والے تمام کھلاڑی کارکردگی کی بنیاد پر ہی منتخب ہوئے ہیں، یہ درست ہے کہ محمد رضوان اور مجھ پر زیادہ ذمہ داری ہے مگر میں ٹیم میں شامل جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلوں گا جبکہ سینئر کھلاڑیوں کے تجربے سے ٹیم کو بہت فائدہ ہو گا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ قومی سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی میچ ونر ہیں، محمد حفیظ اور شعیب ملک سینئر کھلاڑی ہیں اور انہیں کرکٹ کا وسیع تجربہ ہے، دونوں کھلاڑی کسی بھی میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ہم ہر میچ کھیلنے کیلئے منصوبہ بندی کیساتھ میدان میں اترتے ہیں اور اب تک پلان یہی ہے کہ میں اور محمد رضوان اوپننگ کریں گے۔
کوچنگ سٹاف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ میتھیو ہیڈن اور ویرنون فلینڈر تجربہ کار ہیں اور ہمارے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کر رہے ہیں، ہماری ٹیم کیلئے مثبت پہلو یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بہت کرکٹ کھیل رکھی ہے جس کا یقینا فائدہ ہو گا، ہم صرف بھارت کیخلاف میچ ہی نہیں بلکہ ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز 17 اکتوبر سے یو اے ای اور عمان میں ہو رہا ہے جس میں قومی ٹیم اپنے سفر کا آغاز 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی جبکہ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف نبردآزما ہو گی۔