کراچی: آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو نے اپنے پیٹے کی صحت کے لیے دُعا کی اپیل کر دی۔
بختاور بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بیٹے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیٹے کی پیدائش کی تاریخ 8 نومبر تھی تاہم کچھ طبی پیچیدگیوں کے باعث اس نے وقت سے قبل 10 اکتوبر کو آ کر ہم سب کو حیران کر دیا۔
بختاور بھٹو نے بتایا ہے کہ ان کے بچے کو فی الحال انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے تاہم وہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہتر ہو رہا ہے۔
بختاور بھٹو کے ہاں بیٹے کی پیدائش 10 اکتوبر کو ہوئی جس کا اعلان انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر کیا تھا۔
خیال رہے کہ رواں سال سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی 31 سالہ بختاور بھٹو زرداری 29 جنوری کو بلاول ہاؤس کراچی میں پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار محمود چوہدری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں تھیں۔
نکاح کی تقریب میں بھٹو زرداری خاندان اور محمود چوہدری کے رشتے دار شریک ہوئے اور اس موقع پر بلاول ہاؤس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے
ان کی شادی کی تقریبات 4 دن قبل 25 جنوری سے ان کی 31 ویں سالگرہ کے موقع پر شروع ہوئی تھیں اور تقریبات کا آغاز محفل میلاد سے کیا گیا تھا۔