پاکستانی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کو شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے: لانس کلوزنر

04:14 PM, 13 Oct, 2021

دبئی: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر لانس کلوزنر نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں روائتی حریف بھارت کو باآسانی شکست دینے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہے۔ 
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں اگر اپنا بہترین کھیل پیش کرے تو اسے باآسانی شکست دے سکتی ہے۔ 
بھارتی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں لانس کلوزنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ سے ایک بہت بڑا کھیل رہا ہے اور بالخصوص ورلڈ کپ جیسے بڑے مقابلوں میں اس کی الگ ہی اہمیت ہوتی ہے، لہٰذا اس بار ورلڈکپ میں ہونے والا میچ بھی سب کیلئے ہی یادگار ہو گا۔ 
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں ہو رہا ہے جس میں پاکستانی ٹیم اپنے سفر کا آغاز 24 اکتوبر سے روائتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی جبکہ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف مدمقابل ہو گی۔ 

مزیدخبریں