کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سپیکر صوبائی اسمبلی آغا سراج درانی سمیت آٹھ ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔
یہ فیصلہ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ندیم اختر اور جسٹس اقبال کلہوڑو پر مشتمل خصوصی بنچ نے محفوظ کرتے ہوئے آج اسے سنانے کا وقت مقرر کیا تھا لیکن آغا سراج درانی سمیت کوئی بھی ملزم عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوا، اس لئے یہ فیصلہ ان کی غیر موجودگی میں سنایا گیا۔
خیال ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، ان کی اہلیہ اور بیٹے سمیت اٹھارہ ملزمان شامل ہیں جن میں سے آٹھ ملزمان کی درخواست مسترد کی گئی تھی۔ تمام ملزمان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔
مارچ 2021ء میں سپریم کورٹ نے آغا سراج درانی کی ضمانت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس دوبارہ سندھ ہائی کورٹ بھیج دیا تھا۔
عدالت نے قرار دیا تھا کہ تمام ملزمان کی ضمانت برقرار رہے گی اور سراج درانی سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاسکے گا جبکہ فیصلے کی تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ سندھ ہائی کورٹ کے سینئر ڈویژن بینچز نیب مقدمات کی سماعت کریں اور حقائق کا دوبارہ جائزہ لے کر 2 ماہ میں فیصلہ کرے۔